وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دہشت گردی ایک فتنہ جسے محبت سے ختم کیا جاسکتا ہے۔
اپنے آبائی حلقے سیالکوٹ میں سکھ برادری کی جانب سے عید ملن پارٹی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند مہینوں میں باباگرو نانک کی جگہ پر قبضے کو واگزار کروایا گیا ہے جبکہ ابھی بھی مذہبی مقامات پر قبضہ موجود ہے جسے واگزار کروایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر چاہتا ہوں کہ سیاسی گفتگو نہ کروں ، جب سیاسی گفتگو ہو تو اس میں پھر تلخیاں آتی ہیں، عید کا تہوار محبت کا پیغام دیتا ہے، مسلم امہ اس روز بھائی چارے کی روایت کو قائم رکھیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار ہے، یہ ایک فتنہ ہے جسے محبت سے ختم کیا جا سکتا ہے، ہماری سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بے شمار قربانیاں دیں ہیں۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی لوگ اس فتنے اور خود ریزی سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش نہ کریں، شہدا کی قربانیاں ملک کی توقیر میں اضافہ کرتی ہیں۔