ون ویلنگ کا خطرناک انجام، بس کے نیچے آکر نوجوان ہلاک، دوسرا شدید زخمی

حویلی لکھا میں ون ویلنگ کے دوران موٹر سائیکل بے قابو ہو کر بس کے نیچے جا گھسی، حادثے کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔

اطلاعات کے مطابق حویلی نولکھا کے نوجوان ابو سفیان نے ون ویلنگ کے دوران کنٹرول کھو دیا، جس کے باعث موٹر سائیکل تیز رفتار بس کے نیچے جا پہنچی۔ حادثے میں ابو سفیان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا جبکہ اس کے ساتھ بیٹھا دوسرا نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب نوجوان تیز رفتاری اور کرتب دکھانے کی کوشش کر رہے تھے۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیموں نے لاش اور زخمی کو اسپتال منتقل کر دیا۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نوجوانوں کو ون ویلنگ جیسے خطرناک اور جان لیوا کھیل سے باز رکھنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔