پنجاب پولیس کی باصلاحیت خاتون افسر ایس پی عائشہ بٹ نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر دیا۔ انہیں "ایکسلی لینس ان پرفارمنس ایوارڈ 2025" کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس نے عائشہ بٹ کو غیرمعمولی کارکردگی اور خدمات کے اعتراف میں اس ایوارڈ کے لیے چُنا ہے۔ انہیں رواں سال ستمبر میں گلاسگو، اسکاٹ لینڈ میں منعقد ہونے والی 62ویں سالانہ کانفرنس میں باقاعدہ طور پر یہ ایوارڈ دیا جائے گا۔
عائشہ بٹ اس وقت گوجرانوالہ میں سٹی ٹریفک آفیسر کے طور پر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے عائشہ بٹ کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف پنجاب پولیس بلکہ تمام خواتین افسران کے لیے باعث فخر ہے۔
یہ ایوارڈ ہر سال دنیا بھر سے کسی ایک خاتون پولیس افسر کو پولیسنگ کے میدان میں غیر معمولی کارکردگی پر دیا جاتا ہے، اور عائشہ بٹ نے یہ اعزاز حاصل کر کے پاکستان کا نام بین الاقوامی سطح پر روشن کر دیا ہے۔