حکومت سنبھالی تو ملک ڈیفالٹ ہونیوالا تھا، آئی ایم ایف بات سننے کو تیار نہ تھا، ایک سال میں شبانہ روز کاوشیں رنگ لا رہی ہیں: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت سنبھالی تو ڈیفالٹ کی تلوار لٹک رہی تھی، آئی ایم ایف بات سننے کو تیار نہیں تھا۔

تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اویس لغاری، محمد اورنگزیب، رانا ثناء اللہ، خواجہ آصف، اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، عطاء اللہ تارڑ، رانا تنویر حسین، حنیف عباسی، شزا فاطمہ، مصطفیٰ کمال سمیت حکومتی عہدیداران نے شرکت کی۔

رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ سعد رفیق، بزنس کمیونٹی اور پارلیمنٹ کے ممبران بھی تقریب میں شریک ہیں۔

تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم آج اللہ پاک کے شکرگزار ہیں کہ میاں نواز شریف کا وہ وعدہ پورا ہوا، جس میں ہم نے اپنے منشور میں کہا تھا کہ اگر مسلم لیگ ن کو موقع دیا تو رفتہ رفتہ معیشت کی صورت حال بہتر ہوگی اور بجلی کی قیمتیں کم کریں گے، معاشی میدان میں کامیابیوں کا سلسلہ آگے بڑھا رہے ہیں، آگے بڑھتے ہوئے ماضی پر نظر ڈالنا بھی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پر خطر راستے پر چیلنجز کا محنت سے مقابلہ کیا، حکومت سنبھالی تو کمزور معیشت اور ملک ڈیفالت ہونے کا خطرہ منڈلا رہا تھا جس کا ہم نے مقابلہ کیا، یقین مانیں کہ آئی ایم ایف بات سننے کو تیار نہیں تھا، پاکستان کو ڈیفالٹ تک پہنچانے والے خوشی کے شادیانے بجا رہے تھے، انتشاری ٹولے کا پختہ یقین تھا کہ ملک دیوالیہ ہو جائے گا، اس ٹولے نے ملکی مفادات کو نقصان پہنچانے کیلئے تمام حدیں پار کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ معیشت کے استحکام کیلئے کاوشوں کی راہ میں ان عناصر نے بھاری رکاوٹیں کھڑی کیں، ذاتی مفاد اور سیاست کیلئے اس ٹولے نے ریاست کے ساتھ کھلواڑ کیا، آئی ایم ایف پروگرام میں رکاوٹیں ڈالنے کی بھی کوششیں کی گئیں، اللہ کے فضل سے محنت رنگ لائی اور ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ منشور میں کئے گئے وعدے کو پورا کرنے کا وقت آگیا ہے، الحمدللہ! معیشت میں بنیادی استحکام آ چکا ہے، اقتصادی استحکام کیلئے آرمی چیف کا بھرپور تعاون حاصل رہا، مائیکر واکنامک اشاریے بہتر ہو چکے ہیں، اس حقیقت کا ادراک ہے کہ مہنگی بجلی سے عوام متاثر ہوئے، مہنگی بجلی کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں۔


وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں ایک سال میں شبانہ روز کاوشیں رنگ لا رہی ہیں، وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں اصلاحات کا عمل آگے بڑھا رہے ہیں، تمام امور میں شفافیت اور میرٹ پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں، عوام اور انڈسٹری مشکلات کا شکار تھی،وزیراعظم نے ایک ٹاسک فورس بھی بنائی، ہر ادارے سے اچھے افسران کو ٹاسک فورس میں شامل کیا گیا۔