وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صوبہ سیستان میں 8 پاکستانیوں کے قتل پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی حکام سے حملہ آوروں کی فوری گرفتار اور قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا ہے دہشت گردی کا ناسور خطے میں موجود تمام ممالک کے لیے تباہ کن ہے، مل کر دہشت گردی کے خلاف مربوط حکمت عملی پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو پاکستانیوں کی میتوں کی بحفاظت واپسی کے لیے اقدامات کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی سرزمین پر پاکستانیوں کے قتل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی ہے۔
دفتر خارجہ نے کے مطابق ایران میں ہونے والے اندوہناک واقعے کا علم ہے، واقعے کے حوالے سے ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
واضح رہے کہ ایرانی صوبے سیستان بلوچستان میں دہشت گردوں نے 8 پاکستانی شہریوں کو بہیمانہ طریقے سے موت کے گھاٹ اتار دیا، تمام آٹھوں مکینکس کو انہی کے ورکشاپ میں ہاتھ پیر باندھ کر گولیاں ماری گئی تھیں۔
ایران میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے کے بعد بہاولپور میں مقتولین کے گھروں میں صفِ ماتم بچھ گئی، صدمے سے نڈھال لواحقین نے حکومت سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، بہاولپور کےعلاقے خانقاہ شریف، احمد پورشرقیہ، رنگ پور میں تعزیت کے لیے آنے والا ہر شخص غمزدہ اور ہر آنکھ اشکبار اور فضا سوگوار ہے۔