پاکستان کا کل ملک بھر میں قومی سطح پر یوم تشکر منانے کا اعلان

وفاقی حکومت نے افواج پاکستان کی قربانیوں اور معرکہ حق میں تاریخی کامیابی پر 16 مئی بروز جمعہ کو قومی سطح پر یوم تشکر منانے کا اعلان کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس دن کا آغاز ملک بھر کی مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے ہوگا، جب کہ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔
یوم تشکر کے موقع پر مزار قائد کراچی اور مزار اقبال لاہور پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات ہوں گی، جب کہ پرچم کشائی کی تقاریب وفاقی اور صوبائی سطح پر منعقد کی جائیں گی۔
ملک بھر میں یادگار شہداء پر پھول چڑھائے جائیں گے اور شہداء کے اہل خانہ سے خصوصی ملاقاتوں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ اس دوران آپریشن بنیان مرصوص کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
یوم تشکر کی مرکزی تقریب 16 مئی کی شب اسلام آباد کے پاکستان مونومنٹ میں منعقد ہوگی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات شریک ہوں گی۔ وزیراعظم پاکستان تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور افواج پاکستان کے سربراہان بھی موجود ہوں گے۔