لاہور میں بسنت منانے کی تیاریوں کا آغاز ہو گیا ہے، اور امکان ہے کہ یہ اگلے سال فروری میں منائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق، پیٹرن ان چیف میاں نواز شریف کی ہدایت پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سی سی پی او لاہور صدیق کمیانہ، کمشنر زید بن مقصود، ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری، اور کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کے نمائندگان سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں موٹر سائیکل پر دو روز کے لیے پابندی لگانے کی تجویز دی گئی تاکہ بسنت کے دوران ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔ اس کے علاوہ، بسنت کے لیے استعمال ہونے والی ڈور کا لیبارٹری ٹیسٹ PCSIR سے کروا لیا گیا ہے اور منظور شدہ معیار کے مطابق ہی ڈور تیار کی جائے گی۔
جون میں ایک ریہرسل کا انعقاد ہوگا جس میں پتنگ اور ڈور کے معیار کی جانچ کی جائے گی۔ بسنت سے قبل ڈور اور پتنگ فروشوں کی رجسٹریشن بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔
بسنت نائٹ اور ڈے منانے کی اجازت ہوگی، تاہم چرخی پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ ڈھائی تاوا گڈے تک کی حد مقرر کی گئی ہے۔ بڑی پتنگیں اور گڈے آسمان کی زینت نہیں بن سکیں گے۔
یہ تہوار پورے لاہور میں منایا جائے گا اور اس موقع پر غیر ملکی سیاحوں کو مدعو کرنے کی حکمت عملی بھی بنائی جا رہی ہے۔