اسلام آباد: جماعت اسلامی پاکستان کے سابق نائب امیر اور سینٹر پروفیسر خورشید احمد، جن کی عمر 93 سال تھی، برطانیہ کے شہر لیسٹر میں انتقال کر گئے۔ پروفیسر خورشید احمد کا شمار جماعت اسلامی کے بانی مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی کے قریبی ساتھیوں میں کیا جاتا تھا۔
جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما امیر حافظ نعیم الرحمان سمیت دیگر نے ان کے انتقال پر شدید افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پروفیسر خورشید احمد کو 1990 میں اسلامی بینک نے اقتصادیات اسلام میں نمایاں خدمات کی بنا پر اعلیٰ ترین ایوارڈ سے نوازا تھا، اسی سال سعودی حکومت نے ان کی بین الاقوامی اسلامی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے شاہ فیصل ایوارڈ دیا اور 1998 میں امریکن فنانس ہاؤس نے اسلامک فنانس اعزاز عطا کیا۔ حکومت پاکستان نے 2010 میں اعلیٰ سول ایوارڈ نشان امتیاز سے ان کی خدمات کا بھی اعتراف کیا۔