اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اسرائیل کے حوالے سے بانی پاکستان قائداعظم کی قومی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسئلہ فلسطین مسلمانوں کے ایمان کا ایک اہم حصہ ہے، اور پاکستان اپنی استطاعت سے بڑھ کر فلسطینیوں کی مدد کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فلسطین کے میڈیکل طلبہ کو پاکستان لا کر ان کی تعلیم کا انتظام کیا گیا ہے۔ اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے مسائل کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
انہوں نے اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 65 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ غزہ کا بنیادی ڈھانچہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔