اسلام آباد میں منعقدہ پہلے اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ "دہشتگردوں کی دس نسلیں بھی بلوچستان اور پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتیں، جب تک عوام افواج پاکستان کے ساتھ ہیں، ملک کو کوئی خطرہ نہیں"۔
انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو "پاکستان کی روشنی" قرار دیا اور کہا کہ وہ صرف سفیر نہیں بلکہ ایسی طاقت ہیں جو دنیا میں پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ برین ڈرین کا تصور غلط ہے بلکہ یہ برین گین ہے، جو بیرون ملک پاکستانیوں کی صورت میں سامنے آیا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی تقدیر اور ماتھے کا جھومر ہے، اور قوم اپنے شہداء کو فخر اور احترام سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بے شمار قدرتی وسائل سے مالامال ہے، اور ترقی کے سفر میں کوئی بھی رکاوٹ سب مل کر ہٹائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کا سوال "کب" کا نہیں بلکہ "کتنی تیزی سے" کا ہے، اور پاکستان کو وہ مقام دلایا جائے گا جس کا خواب قائداعظم نے دیکھا تھا۔
خطاب کے اختتام پر انہوں نے اور شرکا نے "پاکستان ہمیشہ زندہ باد" کا نعرہ لگایا۔