پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز آندھی اور بارش کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہو گیا۔ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، گجرات، ڈسکہ، وزیرآباد اور منڈی بہاؤالدین میں شدید طوفان کے باعث درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، سائن بورڈ گر گئے اور کئی مقامات پر ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے۔
لاہور میں شانو بابا چوک پر بجلی کے کھمبے گرنے، گلبرگ مین بلیوارڈ اور صدیق ٹریڈ سینٹر کے قریب درخت گرنے، جبکہ قذافی اسٹیڈیم کی عمارت کی ٹائلز گرنے کے واقعات پیش آئے۔ کینال روڈ پر ایک بڑا سائن بورڈ گرنے سے ٹریفک جام ہو گیا۔
گجرات میں آندھی اور طوفان نے تباہی مچا دی، گرد آلود ہواؤں کے باعث دن میں رات کا سماں پیدا ہو گیا، جبکہ گیپکو کے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے، جس سے بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ ڈسکہ اور وزیرآباد میں بھی شدید طوفان کے بعد بارش ہوئی، جس سے بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی۔
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صوبے بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔