اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں پاکستان تحریکِ انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کل ہو گی۔
ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے کل (بدھ) کی کاز لسٹ جاری کر دی، کیس کی سماعت قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی بنچ کرے گا۔
اس سے قبل 5 جون کو سماعت نیب کی استدعا پر بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی تھی، عدالت نے نیب کو کل تک سپیشل پبلک پراسیکیوٹر تعینات کرنے کی مہلت دی تھی۔
واضح رہے کہ 15 مئی کو ہونے والی سماعت میں نیب کو جواب جمع کرانے کے لیے نوٹس جاری کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی پیٹرن انچیف عمران خان اور بشریٰ بی بی نے سزا معطل کر کے ضمانت پر رہائی کی استدعا کر رکھی ہے، اس کیس میں احتساب عدالت نے 17 جنوری 2024 کو فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کو 14 سال اور بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔