وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس میں نئے مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی تجاویز کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 6 فیصد اضافے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے 10 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ وفاقی بجٹ کا حجم تقریباً 17 ہزار 600 ارب روپے ہوگا، جو آج شام قومی اسمبلی میں اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر وفاقی کابینہ نے 6 فیصد تنخواہوں اور 7 فیصد پینشن میں اضافے کی منظوری دی، تاہم پیپلز پارٹی کی جانب سے تنخواہوں میں مزید اضافے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس پر وزیراعظم نے ذاتی طور پر مداخلت کرتے ہوئے تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی ہدایت دی، جسے کابینہ نے باقاعدہ طور پر منظور کر لیا۔
وفاقی وزیر امیر مقام نے بھی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی تصدیق کر دی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ حکومت بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔