تہران: ایران نے اسرائیل کے خلاف جاری جنگ کے دوران ایک اور ایف 35 جنگی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے بعد مجموعی طور پر پانچ اسرائیلی طیارے ایرانی فضائی حدود میں تباہ کیے جانے کا دعویٰ سامنے آ چکا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق تبریز کی فضاؤں میں پرواز کرنے والے اسرائیلی ایف 35 طیارے کو ایرانی دفاعی نظام نے کامیابی سے نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ ایران نے ایک اسرائیلی ڈرون بھی سرحدی خلاف ورزی پر مار گرانے کا اعلان کیا ہے، جس کی تصدیق سرکاری میڈیا نے بھی کی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ان تمام دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے انہیں "غیر مصدقہ اور پروپیگنڈا پر مبنی" قرار دیا ہے۔ تاہم دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کے ان دعوؤں کے بعد ایف 35 طیارے بنانے والی امریکی کمپنی کے شیئرز میں تقریباً 4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔