ملک میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 71 ہزار 666 ‘ایک روز میں ریکارڈ 153 اموات

 ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور مریضوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 71 ہزار 666 ہوگئی ہے جب کہ مزید 153 مریض دم توڑ گئے جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 246 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 6604 کیسز سامنے آگئے۔ سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ ہوگئی جہاں 65 ہزار 163، پنجاب میں 64 ہزار 126، خیبر پختونخوا میں 20 ہزار 790، بلوچستان میں 9 ہزار 162، اسلام آباد میں 10 ہزار 279، گلگت میں 1253، آزاد کشمیر میں 803 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا مریضوں کے لیے مزید 103 وینٹی لیٹرز فراہم کیے گئے ہیں جس کے بعد کل تعداد 1503 ہوگئی جب کہ جولائی کے آخر تک ملک میں مزید 1500 وینٹی لیٹرفراہم کردیئے جائیں گے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 31 ہزار 681 کورونا کے ٹیسٹ کئے گئے اور اب تک مجموعی طور پر 10 لاکھ 42 ہزار 787 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں، جبکہ 61 ہزار 383 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔