میوزک ویڈیو کی شوٹنگ پر تاریخی مسجد وزیر خان کا منیجر معطل

لاہور: وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے مسجد کے احاطے میں میوزک ویڈیو کی شوٹنگ اور متعلقہ وزیر اور محکمے کے سیکریٹری کے جانب سے رپورٹ طلب کرنے کے بعد محکمہ اوقاف پنجاب نے تاریخی مسجد وزیر خان کے منیجر کو معطل کردیا۔

سرکاری دستاویز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ' مسجد ایک مقدس ترین مقام ہے اور کسی کو بھی اس کا تقدس پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی.جو بھی ذمہ دار ہوگا اسے کوئی رعایت نہیں دی جائے گی.

کسی بھی صورتحال میں مسجد کا تقدس کی خلاف ورزی نہ کرنے کا عزم کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حکم دیا کہ معاملے کی جامع تحقیقات کی جائیں اور اس کے ذمہ داران کی شناخت کی جائے۔

خیال رہے کہ تاریخی مسجد وزیر خان میں ویڈیو شوٹ کرنے پر اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔