چمن۔صوبہ بلوچستان کے علاقے چمن کے مال روڈ پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے جبکہ 15 افراد زخمی ہیں۔دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سمیت دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچا۔دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا۔
نامعلوم دہشت گردوں نے موٹرسائیکل میں ریموٹ کنٹرول بم نصب کر رکھا تھا اس دوران یہاں سے اینٹی نارکوٹکس فورس کی گاڑی گزر رہی تھی کہ دہشت گردوں نے انکو نشانہ بناتے ہوئے دھماکہ کیا جس کے نتیجے میں 8 شہری شہید اور15 زخمی ہوگئے اور زخمیوں میں انٹی نارکوٹکس فورس کے بھی دو اہلکار شامل ہیں۔واقعہ کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیا۔ دہشت گردی کے اس واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی۔ سول ہسپتال چمن میں جگہ کم پڑنے کے سبب شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے چمن میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بھی چمن میں مال روڈ پر دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔وفاقی وزیرداخلہ اعجاز احمد شاہ نے بھی چمن دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم شرپسند عناصر کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔