سندھ میں بھی لاک ڈاؤن ختم، کاروباری سرگرمیوں کیلئے نئے اوقات کار جاری

   سندھ حکومت نے بھی لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کردیاہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے نئے اوقات کار بھی جاری کر دیئے ہیں، تمام کاروباری سرگرمیاں ہفتے کے 6 روز جاری رہیں گی، کاروباری اوقات کار صبح 6 بجے سے رات 8 بجے تک ہوں گے، ہفتے کے روز اوقات کار رات 9 بجے تک ہوں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق سندھ کورونا ٹاسک فورس کے فیصلوں سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔سندھ میں کاروباری سرگرمیوں کے نئے اوقات کار جاری کیے گئے ہیں۔ ہفتے کے 6 روز تمام کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ جبکہ کاروباری اوقات کار صبح 6 بجے سے رات 8 بجے تک ہوں گے۔ ہفتے کے روز سندھ میں کاروباری سرگرمیاں رات 9 بجے تک ہوسکیں گی۔ حکومت نے سینماء تھیٹرز پر بھی عائد پابندیاں ختم کردی ہیں۔اسی طرح سیاحتی مقامات پر ہوٹلز میں رہائش کی اجازت بھی ہوگی۔

ریسٹورنٹ کھولنے اور ان آؤٹ سروس کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔ ہوٹلز اور ریسٹورانٹ کے اوقات کار رات 10بجے تک ہوں گے۔ اسی طرح سپورٹس، دکانیں، حجام، بیوٹی پارلرز بھی کھول دیے گئے۔ تعلیمی اداروں اور شادی ہالز کو 15 ستمبر کو کھولا جائے گا۔

تمام کھیلوں کے میدانوں میں مشروط سرگرمیوں کی اجازت دے دی گئی ہے۔ بیوٹی پارلرز، جم، کھیل کے میدانوں پرعائد پابندیاں اٹھالی گئیں۔