شمالی مقدونیہ: 81 پاکستانیوں سمیت 148 تارکین وطن گرفتار

شمالی مقدونیہ کی پولیس نے کہا ہے کہ انہوں نے ملک کے وسطی اور شمالی حصوں میں دو الگ الگ کارروائیوں میں ٹرکوں میں سوار 81 پاکستانیوں سمیت 148 تارکین وطن کو حراست میں لے لیا ہے۔

خبر رساں ادارے ’اے پی‘ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ تارکین وطن کی اسمگلنگ میں ملوث دو مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ گشت پر موجود اہلکاروں نے دارالحکومت اسکوپے سے 110 کلومیٹر جنوب میں واقع دمیر کاپیجا نامی قصبے کے قریب ایک ٹرک اور مسافر گاڑی کو روکا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹرک میں مجموعی طور پر 103 تارکین وطن ملے جن میں 29 بچے بھی شامل تھے۔

علاوہ ازیں پولیس نے بتایا کہ تارکین وطن میں اکثریت یعنی 81 افراد کا تعلق پاکستان سے جبکہ 10 کا تعلق افغانستان سے ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تارکین وطن میں سے 8 بھارت، 2 مصر اور ایک ایک ایران اور شام کے باشندے تھے۔

پولیس نے بتایا کہ شمالی مقدونیہ سے تعلق رکھنے والے 2 مشتبہ انسانی اسمگلرز کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ تارکین وطن کو جنوبی سرحدی شہر گیجیلیجا کی ایک پناہ گاہ میں منتقل کیا گیا ہے جہاں سے انہیں یونان بھیجا جائے گا۔