سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی کو اس وقت تک تسلیم نہیں کیا جاسکتا جب تک آزاد فلسطینی ریاست قائم نہیں ہو جاتی۔ وہ کہتے ہیں کہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضہ بجائے خود بھی جرم ہے اور بہت سے جرائم کو راہ دیتا آیا ہے۔
ایک خصوصی انٹرویو میں سعودی عرب کے در پردہ حکمراں محمد بن سلمان نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے کا حل یہی ہے کہ آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جائے اور اسرائیل کو فلسطینی علاقوں پر قابض و متصرف ہونے سے باز رکھا جائے۔
محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب فلسطینی علاقوں میں ایک آزاد و خود مختار ریاست قائم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ اس ریاست کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہونا چاہیے۔ اس حوالے سے سعودی عرب کی پالیسی غیر لچک دار ہے۔ اسرائیل کو فلسطینی ریاست کا وجود تسلیم کرنا ہی پڑے گا۔
یاد رہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان بات چیت حتمی مرحلے میں تھی اور سعودی عرب نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی تیاری مکمل کرلی تھی کہ حماس نے اسرائیل پر حملہ کیا اور اُس کے جواب میں اسرائیلی فورسز نے فلسطینی باشندوں پر مظالم کے پہاڑ توڑنا شروع کردیا۔