راولپنڈی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقا ت عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹرجنرل میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ رافیل لے آئیں یا ایس400 ہم اپنے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں بھارت سے کیسے نمٹنا ہے، ہم یہ اچھی طرح جانتے ہیں۔
14اگست کی مناسبت سے قوم کو آزادی کے 73 سال مبارک ہو،آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے،اس کی قدر ان ماں سے پوچھیں جو اپنے شہیدوں کو پاکستان کے جھنڈوں میں دفن کرتی ہیں دنیا کا کوئی ظلم ایسا نہیں جو کشمیریوں پر نہ ڈھایا جا رہا ہو،سلام ہے کشمیریوں کو جو آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکی قیادت ایک سال سے پابند سلاسل ہے۔
جمعرا ت کو نیوز کانفرنس سے خطاب میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ 14 اگست کی مناسبت سے قوم کو آزادی کے 73 سال مبارک ہو،آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے،اس کی قدر ان ماں سے پوچھیں جو اپنے شہیدوں کو پاکستان کے جھنڈوں میں دفن کرتی ہیں۔
مقبوضہ کشمیر سے متعلق ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دنیا کا کوئی ظلم ایسا نہیں جو کشمیریوں پر نہ ڈھایا جا رہا ہو،سلام ہے کشمیریوں کو جو آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکی قیادت ایک سال سے پابند سلاسل ہے۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ حکومت پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو ہر عالمی فورم پر اٹھایا ہے،یو این جنرل سیکریٹری نے بھی مسئلہ کشمیر کے حل کو جنوبی ایشیا کے امن کے لیے ناگزیر قرار دیا، ایک سال کے دوران یو این سیکیورٹی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر 3 مرتبہ اجلاس ہوا۔
انہوں نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ بھارت ایل اوسی پر معصوم کشمیریوں کو نشانہ بنا رہا ہے،بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے، جس کا پاک فوج بھرپور جواب دیتی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ حال ہی میں انٹرنیشنل میڈیا نے ایل او سی کا دورہ کیا اور شہریوں سے ملاقات کی،بھارت انٹرنیشنل میڈیا یا یو این مبصرین کو ایل او سی جانے نہیں دیتا،آزاد کشمیرمیں یو این مبصرین یا انٹرنیشنل میڈیا کو جانے کی مکمل آزادی ہے۔