کینیڈا میں ایک ہی خاندان کے 3 پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گئے


 کینیڈا میں ایک ہی خاندان کے 3 پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گئے۔ نوجوان بھتیجے کو بچانے کی کوشش میں چچا اور اور چچی بھی پانی میں بہہ گئے، حادثے کا شکار جوڑے کی موت کے بعد تین بچے دنیا میں اکیلے رہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق کینیڈا میں آبشار میں سوئمنگ کرتے ہوئے پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے تین افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق منگل کی رات مغربی وسطی البرٹا آبشار میں ڈوبنے والے ایک ہی خاندان کے تین افراد کی شناخت شوہر اور بیوی اور ان کے بھتیجے کے طور پر ہوئی ہے۔ المناک واقعے میں موت کا شکار ہونے والے افراد میں ایڈمنٹن کے رہائشی ڈاکٹر پرتاب رائے اوڈ، ان کی 38 سالہ اہلیہ اور 25 سالہ بھتیجا انوپ کمار اوڈ شامل ہیں۔
متاثرہ خاندان کے ایک فرد کا کہنا ہے کہ ان کا کزن انوپ کمار البرٹا یونیورسٹی میں انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہا تھا، جو پاکستان سے یہاں پڑھنے آیا تھا، وہ تیراکی کے دوران سب سے پہلے ڈوبا۔

اس کے بعد ان کے چچا اور اہلیہ نے انوپ کو بچانے کی کوشش کی، بھتیجے کو بچانے کی کوشش میں وہ بھی ساتھ بہہ گئے۔

ڈوبنے والے جوڑے کے 3 بچے ہیں جن کی عمریں 3 سال سے 10 سال کے درمیان ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ تینوں افراد کی لاشیں مل گئی ہیں۔ خاندان میں پریشان کن صورت حال ہے کیونکہ والدین کی ناگہانی وفات کے بعد تین معصوم بچے دنیا میں اکیلے رہ گئے ہیں۔ ان کی دیکھ بھال خاندان کے دیگر افراد کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ممکنہ طور پر لاشوں کو پاکستان دفن کرنے کے لیے واپس لے جایا جائے گا، اس وقت ہمارا خاندان اچانک تین افراد کو کھو دینے کے بعد صدمے کی حالت میں ہے۔ یہ جوڑا کچھ سال پہلے پاکستان سے ایڈمنٹن منتقل ہوا تھا۔