کراچی۔ سپیشل سیونگ اکاؤنٹ سے 139 ملین روپے کی خوردبرد میں ملوث محکمہ ڈاک کے 13 ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی منیر شیخ کے مطابق کمرشل بینکنگ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے اسپیشل سیونگ اکاؤنٹ سے 139 ملین روپے کی خوردبرد میں ملوث محکمہ ڈاک کے 13 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار ملزمان میں سینئر پوسٹ ماسٹر، لیجر اور ڈیپازٹ کلرک سمیت دیگر شامل ہیں۔
منیر شیخ کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کی جانب سے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت 5 ایف آئی آر درج کی گئیں، درج مقدمات میں 19 ملزمان نامزد کیے گئے جن میں سے 13 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں۔ ایف آئی اے نے تحقیقات کا دائرہ کار کراچی کے 6 جی پی او تک وسیع کردیا ہے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ کراچی کے مرکزی جی پی او میں تعینات گرفتار ملزمان نے 2014ء سے 2018ء کے درمیان 139 ملین روپے کی خوردبرد کی اور تحقیقات کے دوران ملزمان سے 20 ملین روپے اور6 گاڑیاں بھی برآمد کرلی گئی ہیں۔