عبدالرزاق داؤد نے بجلی بحران خاتمے کا کریڈٹ نواز شریف کو دیدیا 

 

 اسلام آباد۔ وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد نے بجلی بحران کے خاتمے کا کریڈٹ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف کو دیدیا۔

 میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مشیر تجارت نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے دورمیں بجلی گھر لگانے کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ ختم ہوئی۔ 

چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کے تحت سابقہ دور میں پاور پلانٹس لگائے گئے۔ بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، سی پیک پر کام رکا نہ ہی سست روی کا شکار ہوا۔

 سب کو بتانا چاہتے ہیں سی پیک پر تیزی سے کام جاری ہے۔ عبد الرزاق داود کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت اگلے مرحلے میں داخل ہورہے ہیں، پاک چین اقتصادی راہداری کا فوکس اب صنعتوں اور زراعت کے فروغ پر ہے۔

 

مشیر تجارت کا کہنا تھاکہ ایران کے ساتھ بارڈر مارکیٹس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، افغانستان کے ساتھ بارڈر مارکیٹس قائم کرنے کا عمل جاری ہے، ایران پر عالمی پابندیاں تجارتی تعلقات کے فروغ میں رکاوٹ ہیں، پابندیوں کے باعث ایران کے ساتھ آزار تجارتی معاہدے میں پیش رفت نہیں ہورہی
۔