سعودی عرب کیساتھ غلط فہمیاں دور ہوچکی ہیں، شیخ رشید 

 

لاہور۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمدکہا ہے کہ سعودی عرب ہمارا آزمودہ، تاریخی اور حقیقی دل کے قریب دوست ہے، جو تھوڑی بہت غلط فہمیاں تھیں وہ دور ہو چکی ہیں اورجوماشہ تولہ باقی ہیں وہ آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کے دورے سے دور ہو جائیں گی، اس دورے میں مزید خوشخبریاں بھی ملیں گی،

مریم نواز نے پہلے نواز شریف کی سیاست کو نقصان پہنچایا اور اب شہباز شریف کی سیاست کے پیچھے پڑی ہیں، اگر آپ نیب والوں پر پتھراؤ کریں گے تو نیب والے آپ پر پھولوں کی پتیاں نچھاور نہیں کریں گے،آل پارٹیز کانفرنس کہاں گئی،مولانا فضل الرحمان کو پہلے بھی استعمال کیا گیا انہیں کہوں گا جاگتے رہنا، اپوزیشن کا ایک ہی مطالبہ این آر او ہے، 17اگست سے مزید 10ٹرینیں دوبارہ کھولنے جارہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

 شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایم ایل ون کا منصوبہ پاکستان کے لئے گیم چینجر ہے اور اس کا تاریخی افتتاح ہوگا، اس موقع پر چین سے بڑی شخصیت کی آمد متوقع ہے۔اس منصوبے کا سہرا وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو جاتا ہے۔ ریلوے کا موجودہ ٹریک 1861کا ہے جسے تبدیل کیا جائے گا، اسے تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا اور اس کا کام تین مقامات پر شروع ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے خوشخبری دی ہے کہ آئی پی پیز میں بجلی کے ریٹ کم ہونے جارہے ہیں جس سے مہنگائی میں کمی ہو گی۔ آج سٹاک ایکسچینج اوپر جارہی ہے، دیا میر بھاشا ڈیم کا منصوبہ شروع ہو چکا ہے، ایم ایل ون کا افتتاح ہونے جارہا ہے، ٹیکسٹائل انڈسٹری چل پڑی ہے اور برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے اور مجموعی طور پر معیشت بہتری کی طرف جارہی ہے۔

 انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی کامیاب حکمت عملی کی وجہ سے پاکستان کورونا وائرس سے نمٹنے میں کامیاب رہا ہے، پوری دنیا میں پاکستان کی سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کو سراہا گیا ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا آزمودہ، تاریخی اور حقیقی دل کے قریب دوست ہے، جو غلط فہمیاں تھیں وہ دور ہو چکی ہیں اور جو باقی ماشہ تولہ رہ گئی ہیں وہ آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس کے دورہ سعودی عرب سے دور ہو جائیں گی اور اس دورے میں مزید خوشخبریاں ملیں گی، متحدہ عرب امارات کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا بیان آ چکا ہے اور اس پر مزید بات کرنے کی ضرورت نہیں۔