کراچی۔ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کی ترقی اور خوشحالی کے لیے شہر کی 3 بڑی اسٹیک ہولڈر جماعتوں پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے درمیان اتحاد پر اتفاق ہوگیا جبکہ ایک کوآرڈینیشن کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے، جس کی تصدیق صوبائی وزیربلدیات نے بھی کردی۔
تینوں جماعتوں نے شہر کی ترقی کے لیے ایک پیج پر آتے ہوئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ مزید معاملات پر عملدرآمد کے لیے ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ 13 اگست کو اسلام آباد میں وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کے دو وزرا کے ہمراہ، ایک اہم شخصیت اور تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کی تھی، جس کے بعد فیصلوں کی منظوری پر مشاورت کے لیے وقت مانگا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق بعد ازاں پیپلزپارٹی کی قیادت کی منظوری کے بعد تینوں جماعتوں کے درمیان ملاقات کا دوسرا دور کراچی میں ہوا اور اس میں اتحاد پر اتفاق ہوگیا اور معاہدے پر دستخط بھی ہوئے۔