مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، شیخ رشید


 
اسلام آباد۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان نے فیصلہ کرلیا کہ مریم نواز کو بیرونِ ملک جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔پیپلزپارٹی بھی ن لیگ کے نقشے قدم پرچلے گی،امکان ہے کہ آصف زرداری کی پیشی پر ہنگامہ آرائی ہو۔

ایک انٹرویومیں شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ مریم نواز گزشتہ دس روز سے آخر تک رابطے میں رہیں اور حکومت سے درخواست کی کہ مجھے باہر جانے دیں مگر اس معاملے پر کوئی پیشرفت ہوئی اور نہ ہی کوئی بات بن سکی۔

شیخ رشید نے کہاکہ عمران خان نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ مریم نواز باہر نہیں جاسکتیں، مریم نے بھی اس لیے رابطہ کیا کیونکہ وہ بیرونِ ملک جانا چاہتی تھیں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ نیب پر پتھراؤ کیا گیا اور سینہ ٹھوک کر کہا گیا کہ دیکھو اینٹ سے اینٹ بجادی، یہ نہیں ہوسکتا کہ ایک طرف سے پتھراؤ ہو تو دوسری طرف سے کوئی جواب نہ دیا جائے، میڈیا نے پتھروں کے تھیلے دکھا کر انہیں زیروکردیا ورنہ یہ معاملہ یکطرفہ ہوسکتا تھا۔

شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز بس زمین کی ملکیت کے حوالے سے اپنا بیان ریکارڈ کرادیں، چونکہ انہیں اب اس کا جواب نہیں دینا تو وہ پتھراؤ کی غرض سے ہی نیب پیشی پر گئیں، ملک بھر سے کارکنان کو بلایا گیا، میرے شہر سے بھی لیگی کارکنان لاہور گئے، نوازشریف آج جہاں بیٹھے ہیں اس کی بنیادی وجہ مریم نواز ہیں، انہوں نے پتھراؤ کر کے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، اگر آصف زرداری کی پیشی پر اگر پھر پتھراؤ ہوتاہے تو لوگ خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی بھی ن لیگ کے نقشے قدم پرچلے گی،امکان ہے کہ آصف زرداری کی پیشی پر ہنگامہ آرائی ہو، اپوزیشن کی دونوں بڑی پارٹیاں نیب کو ختم کرنے کی خواہش مند ہیں کیونکہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ قومی احتساب بیورو بند ہوگیا تو وہ بچ جائیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ مولانافضل الرحمان کہتے ہیں کہ حکومت کو ہٹاؤ تو سب کو فائدہ ہے مگر دونوں پارٹیاں بڑا قدم اٹھانے اور مولانا کے ساتھ چلنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکہیں نہیں جارہے، عمران خان اْن کے ساتھ کھڑے ہیں،

 مسلم لیگ ق بھی بزدار کو تنگ نہیں کرے گی، دونوں پارٹیوں میں کچھ ناراضگیاں ضرور ہوئیں مگر عمران خان کو چاہیے کہ وفد بھیج کر معاملہ سلجھائیں، ویسے بھی چوہدری برادران عمران خان کو نہیں چھوڑیں گے۔