افغان فورسز کا بڑا آپریشن:مرغاب کے شہر کو طالبان کی قید سے آزاد کرالیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صوبہ غور کے پولیس ترجمان سمیع‌ نژاد نے کہا ہے کہ افغان فوج اور سکیورٹی اہلکاروں نے ایک بڑا آپریشن کرتے ہوئے مرغاب شہر کو طالبان کے چنگل سے آزاد کرا لیا ہے۔

اس آپریشن میں کسی بھی جانی نقصان کے بارے میں انہوں نے میڈیا کو کچھ نہیں بتایا۔واضح رہے کہ پیر کے روز طالبان نے مرغاب شہر پر قبضہ کر لیا تھا۔

مرغاب شہر پر طالبان کا قبضہ اور اسے آزاد کرانے کیلئے فوجی آپریشن ایسے وقت میں انجام پایا ہے جب افغان حکومت اور طالبان کے مابین جنگ بندی اور امن مذاکرات پر اتفاق ہوگیا ہے اور افغان حکومت مذاکرات کے آغاز کے لئے طالبان کے گرین سگنل کا انتظار کر رہی ہے۔