ڈاکٹرماہا علی کیس، میڈیکولیگل رپورٹ میں قتل کئے جانے کا امکان سامنے آگیا 

 

کراچی۔کراچی کے علاقے ڈیفنس میں خود کشی کرنے والی ڈاکٹر ماہا علی شاہ کے کیس میں ڈرامائی موڑ آگیا۔ڈاکٹر ماہا شاہ کی میڈیکو لیگل رپورٹ میں انہیں قتل کئے جانے کا امکان سامنے آگیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر ماہا رائٹ ہینڈر تھی جب کہ گولی ڈاکٹر ماہا کے سر میں بائیں جانب سے لگی اور دائیں جانب سے باہر نکلی۔

حکام نے کہا ہے کہ اگر یہ رپورٹ ٹھیک ہے تو اس سے کرائم سین کے جعلی ہونے کا شبہ پیدا ہوگا۔

 تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکو لیگل رپورٹ کی بنیاد پر ہی ڈاکٹر ماہا کی قبرکشائی کے لئے مجسٹریٹ سے درخواست کی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ تفتیش میں ڈاکٹر ماہا کی ہلاکت قتل ثابت ہوئی تو اہلخانہ کو شامل تفتیش کیا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ڈیفنس میں خاتون ڈاکٹر ماہا علی نے گولی مار کر خودکشی کرلی تھی۔