چین اور بھارت سرحدی کشیدگی کم کرنے پر متفق

 

نئی دہلی،ماسکو،بیجنگ۔بھارت اور چین نے وزرائے دفاع کے اجلاس کے بعد سرحد پر کشیدگی کو کم کرنے کے لیے کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مئی میں سرحد پر کشیدگی میں اضافے کے بعد بھارت اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح کے سیاسی روابط کے سلسلے میں بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور چین کے جنرل وی فینگی نے جمعہ کے روز ماسکو میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر آمنے سامنے ملاقات کی۔

بھارتی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا  ہے کہ 'کسی بھی فریق کو کوئی مزید ایسی کارروائی نہیں کرنی چاہیے جس سے یا تو صورتحال مزید پیچیدہ بنے یا سرحدی علاقوں میں معاملات کشیدہ ہوں '۔

چین کی وزارت دفاع نے اپنی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے اس اجلاس کے بارے میں ایک خبر میں کہا کہ جنرل وی فینگی کا کہنا تھا کہ فریقین کو امن و استحکام کو فروغ دینا چاہیے اور موجودہ تناو کو کم کرنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا 'حالیہ کشیدگی کا ذمہ دار مکمل طور پر بھارت ہے' مگر چین اپنی قومی خودمختاری اور علاقے کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔

چین نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی صف اول کی افواج کا کنٹرول مضبوط بنائے، اشتعال انگیز کارروائیوں سے باز رہے اور 'جان بوجھ کر ڈھول پیٹنے اور منفی معلومات کو پھیلانے سے باز رہے'۔

 ماسکو میں 10 ستمبر کو ہونے والے ایس سی او اجلاس کے دوران بھارت اور چین کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات بھی متوقع ہے۔