عرب اتحادی فوج کا حوثیوں کی تنصیبات پر حملہ،چارڈرون طیارے تباہ

ریاض۔ سعودی عرب کی زیر قیادت عرب افواج کے اتحاد نے یمن میں حوثیوں کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور 4 ڈرون طیارے تباہ کردئیے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق اتوار کی صبح عرب اتحادی فوج نے یمنی دارالحکومت کے شمال میں واقع الدیلمی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں حوثی ملیشیا کے 4 ڈرون طیارے تباہ ہوگئے۔

 تاہم عرب اتحاد کی جانب سے اس حملے کی معلومات باضابطہ طور پر جاری نہیں کی گئیں۔عرب اتحاد کی جانب سے جمعرات کو ریاض پر حوثیوں کے ڈرون حملے کو ناکام بنانے کے بعد جوابی طور پر یہ کارروائی کی گئی ہے۔ 

واضح رہے کہ حوثیوں نے جمعرات کو کیے گئے حملے میں سعودی عرب میں اہم اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

 رواں برس فریقین کے مابین جنگ بندی ختم ہونے کے بعد دو طرفہ حملوں میں شدت آئی ہے۔