سعودی عرب کا یکم جنوری سے سفری پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ

ریاض: سعودی عرب میں یکم جنوری 2021 سے سفری پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے یکم جنوری 2021 سے سفری پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ کرلیا، کورونا وائرس کے باعث مملکت میں سفری پابندیاں لگائی گئی تھیں۔

سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ یکم جنوری 2021 سے ایئر پورٹس، بندرگاہیں اور سرحدی چوکیاں کھول دی جائیں گی۔سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان میں کہا ہے کہ سعودی شہری بیرون مملکت آجا سکیں گے۔

سعودی وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ خروج وعودہ یا اقامے یا ویزے والے غیر ملکیوں کو سعودی عرب آنے کی اجازت ہوگی۔

دوسری جانب سعودی عرب نے مرحلہ وار فلائٹ کھولنے کا اعلان کردیا، جس کے مطابق جو افراد مستقل نوکریوں پر ہیں وہ کل سے سعودی عرب میں داخل ہوسکتے ہیں۔

علاوہ ازیں غیرملکیوں کو 15 ستمبر سے سعودی عرب میں داخلے کی اجازت ہوگی، کل سے کھیلوں اور بزنس ویزا رکھنے والے افراد پر سے بین الاقوامی  سفری پابندیوں کو ختم کیا جارہا ہے جبکہ ہر طرح کی بین الاقوامی پابندیوں کو یکم جنوری 2021 سے اٹھا لیا جائے گا۔