لندن۔پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ حالیہ واقعات سے ایک بار پھر ثابت ہوتا ہے کہ کس طرح بعض ملاقاتیں سات پردوں میں چھپی رہتی ہیں اور کس طرح بعض کی تشہیر کرکے مرضی کے معنی پہنائے جاتے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں نواز شریف نے پارلیمانی رہنماؤں کی عسکری قیادت سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے لکھا کہ یہ کھیل اب بند ہوجانا چاہیے۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ آج میں اپنی جماعت کو ہدایات جاری کررہا ہوں کہ آئین پاکستان کے تقاضوں اور خود مسلح افواج کو اپنے حلف کی پاسداری یاد کرانے کیلئے آئندہ ہماری جماعت کا کوئی رکن، انفرادی، جماعتی یا ذاتی سطح پر عسکری اور متعلقہ ایجنسیوں کے نمائندوں سے ملاقات نہیں کرے گا۔
نواز شریف نے کہا کہ قومی دفاع اور آئینی تقاضوں کیلئے ضروری ہوا تو جماعتی قیادت کی منظوری کیساتھ ایسی ہر ملاقات اعلانیہ ہوگی اور اسے خفیہ نہیں رکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں عسکری قیادت اور پارلیمانی رہنماں کی ملاقات ہوئی تھی۔عسکری قیادت کی پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات کے حوالے سے وزیرریلوے شیخ رشید کاکہنا ہے کہ شہباز شریف، بلاول بھٹو، سراج الحق سمیت عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی)اور جمعیت علمائے اسلام (ف)کے رہنما بھی شریک تھے۔