اسلام آباد۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو رقوم کی غیر قانونی منتقلی کے معاملے پر موثر اقدامات کرنے چاہئیں۔
وائٹ کالر کرائم کے ذریعے ایک کھرب ڈالر کی منتقلی ہوتی ہے،اقوام متحدہ کو غیر قانونی رقوم کی منتقل روکنے کے لیے لائحہ عمل بنانا ہوگا۔
غریب اور ترقی پذیر ممالک سے لوٹی گئی رقوم کو فوری طور پر واپس کیا جائے،قرضوں میں ریلیف دے کر غریب ملکوں کی مدد کی جاسکتی ہے۔
ہماری حکومت کو کرپشن کے خاتمے کا مینڈیٹ ملا ہے، ہمیں ہاؤسنگ، ٹرانسپورٹ، پانی، انفرااسٹرکچر اور صحت پر زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔
جمعرات کواقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر پینل مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وائٹ کالر کرائم کے ذریعے ایک کھرب ڈالر کی منتقلی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو رقوم کی غیر قانونی منتقلی کے معاملے پر موثر اقدامات کرنے چاہئیں، اقوام متحدہ کو غیر قانونی رقوم کی منتقل روکنے کے لیے لائحہ عمل بنانا ہوگا جبکہ غریب اور ترقی پذیر ممالک سے لوٹی گئی رقوم کو فوری طور پر واپس کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ موثر اقدامات کے بغیر امیر اور غریب میں فرق بڑھتا جائے گا، دنیا میں بڑھتی غربت سے عالمی امن کو بھی خطرہ ہے، موجودہ عالمی نظام میں سرمایے کی غیر منصفانہ تقسیم بڑا مسئلہ ہے اور زیادہ تر دولت دنیا کے 26 امیر ترین افراد کے ہاتھوں میں مرکوز ہے۔
وزیر اعظم نے مطالبہ کیا کہ غریب ملکوں کا مالی استحصال بند کیا جائے جبکہ قرضوں میں ریلیف دے کر غریب ملکوں کی مدد کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کو کرپشن کے خاتمے کا مینڈیٹ ملا ہے، ہمیں ہاؤسنگ، ٹرانسپورٹ، پانی، انفرااسٹرکچر اور صحت پر زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم نے کہاکہ احساس پروگرام غربت کے خاتمے کے لیے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اقدام ہے، کورونا وبا کے باعث اقتصادی شرح نمو میں تیزی سے کمی ہوئی، ہماری حکومت نے کورونا وبا سے غریبوں کو بچانے کے لیے اقدامات کیے اور ڈیڑھ کروڑ خاندانوں کو مالی امداد دی۔