سعودی عرب کے جلا وطن رہنماؤں نے اپوزیشن جماعت بنانے کا اعلان کردیا 

ریاض۔سعودی عرب کے جلا وطن رہنماؤں نے اپوزیشن جماعت بنانے کا اعلان کرتے ہوئے ملک میں پر امن تبدیلی کی بات کی ہے اور سیاسی اصلاحات پر زور دینے کا مطالبہ کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے ایسے بیشتر رہنما برطانیہ، امریکا اور کینیڈا جیسے ممالک میں مقیم ہیں۔

اس گروپ کی قیادت لندن میں رہنے والے انسانی حقوق کے سرگرم کارکن یحییٰ عسیری کر رہے ہیں۔ جن کا کہنا ہے کہ ان کی سیاسی جماعت کا مقصد سعودی عرب میں شاہی سلطنت کی جگہ ایک جمہوری طرز کی حکومت کا قیام ہے۔

 حزب اختلاف کی نئی جماعت نیشنل اسمبلی پارٹی نے کہا کہ موجودہ حکومت بڑی تعداد میں سیاسی رہنماں کی گرفتاریاں اور قتل کر کے مسلسل ظلم و تشدد کی راہ پر عمل پیرا ہے،سعودی عرب کی فضائیہ کے سابق افسر عسیری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن پارٹی کا قیام ایک، ایسے نازک وقت پر ہوا ہے جب ملک کو بچانا بہت ضروری ہوگیا ہے۔