اسلام آباد۔جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
جے یو آئی (ف) کے سینئر رہنما مولانا امجد خان نے مولانا فضل الرحمن اور نواز شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطے کی تصدیق کی اور کہا کہ دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کی تحریک پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی اور ن لیگ کی قیادت نے دوران گفتگو اے پی سی کے بعد صورتحال اور اپوزیشن کی تحریک کے ایکشن پلان بھی مشاورت کی۔
مولانا امجد خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اور نواز شریف کے درمیان اپوزیشن جماعتوں کے نئے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی سربراہی سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دوران گفتگو اپوزیشن کی دونوں جماعتوں کے قائدین نے اسمبلیوں سے استعفوں کے لیے کمیٹی کے قیام پر بھی مشاورت کی۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف سے ٹیلیفونک بات چیت کے بعد مولانا فضل الرحمٰن نے پارٹی کے اہم مشاورتی اجلاس کی صدارت کی اور انہیں بلاول بھٹو سے ملاقات اور ن لیگی قائد سے گفتگو پر اعتماد میں لیا۔
اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی تحریک کے حوالے سے مشاورت کے ساتھ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے بیانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔