قائداعظم پر کتاب لکھنے والے سابق بھارتی وزیردفاع جسونت سنگھ چل بسے 

نئی دہلی۔قائداعظم محمد علی جناح پر پر کتاب لکھنے والے سابق بھارتی وزیردفاع و خزانہ جسونت سنگھ 82 سال کی عمر میں چل بسے۔

 انہیں رواں سال جون میں ہسپتال میں داخل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ جسونت سنگھ کی موت اتوار کی صبح ہوئی۔ان کی آخری رسومات جودھپور میں ادا کی جائیں گی۔

 جسونت سنگھ کو قائداعظم پر کتاب لکھنے پر بی جے پی نے 6سال کیلئے پارٹی سے نکال دیا تھا۔جسونت سنگھ کی کتا ب ’’جناح تقسیم ہند کے آئینے میں“پر گجرات میں پابندی لگا دی گئی تھی لیکن ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد محمد علی جناح پر تحریر کردہ ان کی کتاب سے پابندی ہٹا لی گئی تھی۔

جسونت سنگھ کی موت پر وزیر اعظم مودی نے تین ٹویٹس کیے ہیں جن میں مرحوم کو مختلف سماجی اور سیاسی نظریے والے شخص کے طور پر یاد کیا گیا ہے۔

بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کے بانیوں میں سے ایک جسونت سنگھ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت کے دوران مختلف وزارتوں کے وزیر کے عہدوں پر فائز رہے۔

انہوں نے 1996 سے 2004 کے دوران دفاع، خارجہ اور خزانہ جیسی اہم وزارتوں کی ذمہ داری سنبھالی۔

سال2014 میں انہیں سر میں شدید چوٹ آئی اور تب سے وہ کوما میں تھے۔ وہ 1980 سے 2014 تک رکن پارلیمنٹ رہے اور اس دوران انہوں نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی قیادت کی۔