لاہور۔ منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے نے شہبازشریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کو دوبارہ طلب کرلیا ہے۔
اس حوالے سے ایف آئی نے نوٹس بھی بھیجا ہے جس میں ایف آئی اے نے سلمان شہباز کو یکم اکتوبر کو طلب کیا ہے۔
نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ آپ کے اکاؤنٹس میں 10 ارب 50 کروڑ روپے کی رقم منتقل ہوئی، اس رقم کے ذرائع کیا ہیں بتایا جائے۔
آپ کو 25 ستمبر کو بھی طلب کیا جاچکا ہے اگر اپ دوسری دفعہ بھی پیش نہ ہوئے تو پھر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب شہبازشریف کی رہائشگاہ پرسکیورٹی اہلکار نے ایف آئی اے ٹیم کی جانب سے دیئے جانے والا نوٹس وصول کرنے سے انکار کر دیا۔
سکیورٹی اہلکار نے ایف آئی اے حکام کو لکھ کر دیا کہ سلمان شہباز پاکستان میں موجود نہیں ہیں۔
علاوہ ازیں سلما ن شہباز نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ شوگر سکینڈل کے اصل کردار حکومت میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ایف آئی اے پہلے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزار کو نوٹس دے اور کابینہ میں موجود دیگر لوگوں کو بھی بلائے،پہلے اصل ذمے داروں کو بلائیں پھر ہمیں بھی بلائیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے ابھی تک نوٹس نہیں ملا اور خود پیش ہوں گا یا اپنے وکیل کے ذریعے جواب جمع کراؤں گا اس کا ابھی فیصلہ نہیں کیا۔