اسلام آباد۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ نواز شریف کا انقلابی پن دوغلا اور کھو کھلا ہے‘ بطور مجرم اور اشتہاری نواز شریف کو سیاست پر بھاشن زیب نہیں دیتا۔
اپوزیشن ارکان استعفیٰ دیں تو نئے الیکشن کروائیں گے‘ اپوزیشن مختلف حربوں سے حکومت گرانے کی خواہاں مگرناکامی ان کا مقدر بنے گی‘ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ذاتی مفاد اور منافقانہ سیاست کی ہے‘(ن) لیگ والے ڈیل کے چکر میں ہیں اور مسلسل رابطے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نواز شریف کے حالیہ بیانیہ سے خود ان کی جماعت اضطراب کا شکار ہے‘(ش) لیگ سمیت (ن) لیگ کے کئی دھڑے بننے جا رہے ہیں‘شریف خاندان میں بھی اس وقت چپقلش چل رہی ہے‘فیصل آباد میں مسلم لیگ(ن) کی ”تنظیم سازی“ بڑے زوروں پر چل رہی ہے‘وزیر اعظم بدعنوان عناصر کے احتساب کیلئے پر عزم ہیں۔
اتوار کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ نواز شریف کے حالیہ بیانیہ سے خود ان کی جماعت اضطراب کا شکار ہے۔ نواز شریف کے بیانیہ پر (ن) لیگ میں سے مختلف آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جو تحریک چلانا چاہتی ہے وہ بے بنیاد ہے۔ نواز شریف کا مقصد ملک میں بے یقینی اور اضطراب کی کیفیت پیدا کرنا ہے۔ جاتی امراء میں اس وقت بے یقینی کی سی صورتحال ہے۔ نیب کیسز کے باعث گھیرا تنگ ہونے سے اپوزیشن حکومت کو بلیک میل کرنا چاہتی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسمبلیوں سے استعفوں کی دھمکیاں بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ فٹیف قانون سازی میں ناکامی کے بعد اب یہ سڑکوں پر آنا چاہتے ہیں۔ اپوزیشن ارکان استعفیٰ دیں گے تو نئے الیکشن کروائیں گے۔ پی ٹی آئی دوبارہ اکثریت حاصل کر لے گی۔ اپوزیشن مختلف حربے استعمال کر کے حکومت گرانا چاہتی ہے ناکامی ان کا مقدر بنے گی۔