کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے صوبے میں پرائمری اسکول کھولنے کو 15 روز کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ صوبے کے تعلیمی اداروں میں کچھ کورونا کیسز سامنے آئے ہیں اس لیے پرائمری سکول کھولنے کو مزید 15 روز کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر(این سی او سی) کو صوبے میں پرائمری سکول کھولنے میں 15 روز کی تاخیر کی تجویز دے گی۔
انہوں نے بتایا کہ جن تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کیسز سامنے آئے انہیں سیل کردیا گیا ہے۔
ترجمان صوبائی حکومت نے خبردار کیا کہ جو افراد تعلیمی اداروں میں بغیر فیس ماسک لگائے داخل ہوں گے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان علیانی نے صوبے میں کووڈ 19 کے بڑھتے ہوئے کیسز پر خبردار کیا ہے کیونکہ اس وبائی مرض کی دوسری لہر آنے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ ایس او پیز کا خیال رکھیں جس میں فیس ماسک پہننا، سماجی فاصلہ رکھنا اور بار بار ہاتھ دھونا شامل ہے۔