پاکستانیوں کیلیے کینیڈا میں تعلیم کے حصول میں رکاوٹ ڈالنے کی منظم بھارتی سازش کا انکشاف

 اعلی تعلیم کے لیے کینیڈا جانے والے پاکستانی طلبا کے ویزا پراسس کی سہولت اسلام آباد میں نہ ہونے کی وجہ سے طلباء ابوظہبی میں قائم کینیڈین قونصل خانے کے رحم وکرم پر ہیں، پاکستانی طلبا کو ابوظہبی میں قائم کینیڈین قونصل خانے میں ویزا درخواست دینا پڑتی ہے اور وہاں تعینات عملے کی اکثریت بھارتی نژاد ہے۔ جو تعصب کی بنا پر پاکستانی طلبا کی درخواستیں بغیر کسی وجہ کے مسترد کردیتے ہیں۔

اس حوالے سے طلبا نے کینیڈا میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر بشیر تارڑ سے رابطہ کیا کہ وہ کینیڈین حکام سے رابطہ کر کے ان کو اس نا انصافی کی نشاندہی کریں اور درخواست کریں کہ پاکستانی طالب علموں کے ویزا کیس کو اسلام آباد میں پراس کیا جائے مگر تاحال اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی، جس کی وجہ سے پاکستانی طلباء اعلی تعلیم سے محروم ہورہے ہیں خاص کر کے وہ طالبعلم کو کینیڈین یونیورسٹیوں نے اسکالر شپس دے رکھی ہیں ۔


اس حوالے سےترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اعلی تعلیم کے لیے کینیڈا جانے والے پاکستانی طلبا کے ویزا مسائل سے آگاہ ہیں ، اوٹاوا میں پاکستانی ہائی کمیشن نے اس سلسلے میں کینیڈین حکومت سے رابطہ کیا ہے ۔ کینیڈا کی حکومت سے ویزا پراسس سروس ابوظہبی سے اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست کررکھی ہے اور اس حوالے سے جلد پیشرفت کا امکان ہے۔