منی لانڈرنگ کیس آصف علی زرداری اورفریال تالپور پر فرد جرم عائد


اسلام آباد کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی، حسین لوائی، طحہ رضا، محمد عمیر، مصطفی مجید، سلمان یونس، عمران خان، محمد اورنگزیب اور بلال شیخ سمیت مجموعی طور پر 14 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ سابق صدر سمیت دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔


ریفرنس کی سماعت کے موقع پر آصف علی زرداری، فریال تالپور اور عبدالغنی مجید سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئےجبکہ انورمجید پر ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کی گئی۔

عدالت میں گرفتار ملزمان حسین لوائی اور طحہ رضا کے وکلاء کو چارج شیٹ کی کاپی دی گئی،جبکہ فریال تالپور کو فرد جرم عائد ہونے کے بعد جانے کی اجازت دیدی گئی۔


دوسری جانب آصف زرداری نے جعلی اکاؤنٹس کیسز کا ٹرائل اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں بری کرنے کی استدعا کردی۔


آصف زرداری نے فوری ٹرائل روکنے کی بھی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں بری کیا جائے، جعلی اکاؤنٹس کیسز نیب کا دائرہ اختیار نہیں ریفرنس خارج کیا جائے۔