کراچی .پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کی جانب سے اپوزیشن کے سیاست دانوں کو نشانہ بنانے سے عوامی مزاحمت کا راستہ نہیں رک سکتا۔
حکومت نے جو کرنا ہے کرلے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا سفر نہیں رکے گا،اے پی سی سے بوکھلائے عمران خان اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں،مفرور غدار ڈکٹیٹر، تین معاون خصوصی، وزراء اور وزیراعظم کی ہمشیرہ کو عدالتوں میں طلب نہیں کیا جاتا کیونکہ ملک میں دہرے قوانین ہیں۔
پیر کو اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپوزیشن سے وابستہ سیاست دانوں کو نوٹس بھیجنا اور گرفتار کرنا عمران خان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت فی الفور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو رہا کرے،عمران خان نیب کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کرنا بند کریں، مفرور ڈکٹیٹر جس پر سنگین الزامات ہیں، اسے نہ کوئی نوٹس بھیجا جاتا ہے اور نہ گرفتار کیا جاتا ہے،عمران خان کی ہمشیرہ اور معاونین خصوصی پر سنگین الزمات ہیں مگر انہیں نیب طلب نہیں کرتا۔
نیب کی جانب سے اپوزیشن کے سیاست دانوں کو نشانہ بنانے سے عوامی مزاحمت کا راستہ نہیں رک سکتا،حکومت نے جو کرنا ہے کرلے، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا سفر نہیں رکے گا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی عالمی وباء کے دوران بھی اپوزیشن رہنماؤں سے سیاسی انتقام کا سلسلہ جاری ہے،دوسالوں سے عدالتوں میں پیش ہونے، ای سی ایل میں نام اور قید کے باوجود صدر زرداری اور فریال تالپور عدالتوں کا سامنا کررہے ہیں۔
مفرور غدار ڈکٹیٹر، تین معاون خصوصی، وزراء اور وزیراعظم کی ہمشیرہ کو عدالتوں میں طلب نہیں کیا جاتا کیونکہ ملک میں دہرے قوانین ہیں۔