اسلام آباد۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو سزا اس بات پر ملی کہ وہ عدالت کو تسلی بخش جواب نہیں دے سکے جبکہ یہ کسی ادارے کے سامنے پیش ہونا اپنی ہتک سمجھتے ہیں تو یہ ہو نہیں سکتا۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ 'مریم نواز آج دعویٰ کر رہی تھیں کہ ہم تو خاندانی رئیس ہیں، خاندانی رئیس ہونا اور اثاثے بنانا کوئی بری بات نہیں لیکن شہباز شریف کی گرفتاری کی ایک وجہ یہ ہے وہ عدالت کو مطمئن نہ کرسکے۔
ان سے جو سوالات پوچھے گئے انہوں نے جواب نہیں دیا، نواز شریف بھی اپنے اثاثوں سے متعلق عدالت کو مطمئن نہیں کر سکے تھے۔
عمران خان کی خون پسینے کی کمائی قانونی ذرائع سے ملک آئی جبکہ یہ عمران خان اور شہباز شریف کا موازنہ کرتے ہیں جسے میں توہین سمجھتا ہوں۔
'انہوں نے کہا کہ 'ان کا خیال تھا کہ سارے انہی کی طرح ہیں، عمران خان نے 40 سال کی منی ٹریل دی، سپریم کورٹ نے انہی کی حکومت میں عمران خان کو صادق و امین قرار دیا۔
اس موقع پر معاون خصوصی برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ 'آج واضح ہوگیا کہ شہباز شریف اور ان کی پارٹی قانونی جنگ ہار گئی، مریم نواز کی پریس کانفرنس مکمل فرمائشی پروگرام تھا اور ان کی پریس کانفرنس ان کے چچا کے خلاف چارج شیٹ تھی۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے تسلیم کرلیا کہ ان کے چچا مفاہمت کی سیاست کرتے ہیں لیکن وہ مفاہمت کی سیاست نہیں کرتیں، ہونہار بھتیجی نے چچا پر بڑا اچھا وار کیا اور ان پر کاری ضرب لگائی جبکہ انہوں نے مسلم لیگ (ن)سے شہباز شریف کی سیاست کا خاتمہ کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم اورنگزیب کرائے کے ترجمان کی طرح رٹی رٹائی تقریر کر کے چلی گئیں، ان سے کہتا ہوں کہ ان پر توہین عدالت ہوسکتی ہے۔