اسلام آباد۔پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اہم ہنگامی اجلاس کل بروز منگل اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے۔
سیکرٹری جنرل احسن اقبال کے مطابق پی ڈی ایم کا اجلاس پاکستان مسلم لیگ (ن) سیکرٹریٹ، پارک روڈ، بالمقابل چٹھہ، چک شہزاد اسلام آباد میں سہ پہر تین بجے ہوگا۔
احسن اقبال نے کہاکہ اجلاس میں متحدہ اپوزیشن کے رہنما شریک ہوں گے،اجلاس قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتاری سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کرے گا۔
اجلاس میں دیگر سیاسی قائدین اور رہنماؤں کے خلاف حکومتی سیاسی انتقامی کارروائیوں پر بھی غور ہوگا۔
اے پی سی میں ہونے والے فیصلوں اور منظورکردہ قرارداد پر عمل درآمد کے پلان کو حتمی شکل دینے پر مشاورت ہوگی۔
احسن اقبال نے کہاکہ پی ڈی ایم کے رہنما حکومت کی طرف سے سیاسی انتقامی کارروائیوں پر لائحہ عمل مرتب کریں گے،اجلاس گلگت بلتستان اور لوکل گورنمنٹ انتخابات میں حکومتی دھاندلی کے مقابلے کے لئے جوابی حکمت عملی پر غور کرے گا۔