اسلام آباد۔سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ(ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے شہباشریف کی گرفتاری پر ہمارا رد عمل آئے گا اور ہمیں استعفوں کی قربانی دینی ہوگی۔
نوازشریف اورہمارا بیانیہ ایک ہے اور حکومت اپوزیشن سے ڈری ہوئی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ شہبازشریف کو ریفرنس فائل ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا اور وارنٹ جاری کرنے کا کوئی مقصد نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف 70دن ریمانڈ میں رہ چکے ہیں اور مجھے گزشتہ روز بھی نیب کی طرف سے ایک اور پیشی کا نوٹس آیا ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھے اختیارات کے غلط استعمال پر نیب نے نوٹس بھیجا۔ شہبازشریف کو گرفتار کیاگیا توشاید مجھے بھی حراست میں لے لیں۔
اپوزیشن کی جانب سے مستقبل کے لائحہ عمل پر بات کرتے ہوئے ن لیگی رہنما نے بتایا کہ2ماہ جلسے جلوس ہوں گے اور پھر سڑکوں پر آئیں گے۔ ہمارا ردعمل آئے گا اور استعفوں کی قربانی دینی ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 70فیصد کابینہ اراکین ٹیکس نہیں دیتے یامعمولی دیتے ہیں۔ کابینہ اراکین کے اضافی اخراجات کی ادائیگی کرپشن کے پیسوں سے ہوتی ہے۔