اسلام آباد۔فاقی کابینہ نے نواز شریف کو ہر صورت وطن واپس لانے کا اصولی فیصلہ کرلیا نواز شریف کو وطن واپس لانے کیلئے برطانوی حکومت کو ایک بار پھر خط لکھا جائیگا، اس سلسلے میں وزارت خارجہ اور ایف آئی اے کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کو واپس لانے کیلئے تمام قانونی آپشنز استعمال کئے جائیں، برطانوی حکومت کی مدد سے نواز شریف کو واپس لائیں گے،نواز شریف بیماری کا بہانہ بنا کر ملک سے بھاگے ہیں، کسی صورت این آر او نہیں ملے گا۔
احتساب کا عمل بلا تفریق جاری رہے گا۔ اپوزیشن کو احساس ہو چکا ہے کہ این آر او نہیں ملے گا، اپوزیشن جماعتیں اپنے کیسز سے توجہ ہٹانے کے لیے اداروں کو متنازع بنا رہی ہیں۔
کابینہ نے احمد نوازسکھیرا کواسلام آبادکلب کاایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے اور پاکستان میڈیکل کمیشن ایکٹ کے تحت ایم ڈی سی کے آئین کی منظوری دیدی۔
منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کااجلاس ہوا، جس میں ملکی سیاسی،سلامتی اور مجموعی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور وفاقی کابینہ نے16نکاتی ایجنڈے کے متعددنکات کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی بیان بازی پر بھی غور کیا گیا، وزراء نے کہا کہ لیگی رہنماغلطی تسلیم کرنے کے بجائے اداروں کو متنازع بنا رہے ہیں۔
وفاقی کابینہ نے نواز شریف کو ہر صورت وطن واپس لانے کا اصولی فیصلہ کرلیا، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کو واپس لانے کیلئے قانونی آپشنز استعمال کئے جائیں، برطانوی حکومت کی مدد سے نواز شریف کو واپس لائیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف بیماری کا بہانہ بنا کر ملک سے بھاگے ہیں، ان کو نواز شریف کو وطن واپس آکرعدالتوں کے سامنے پیش ہوناہوگا، کسی صورت این آر او نہیں ملے گا اور نہ کرپشن پر کسی کو کوئی معافی ملے گی۔
وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں نواز شریف کو وطن واپس لانے کیلئے مختلف پہلوؤں پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت خارجہ اور ایف آئی اے کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں سیاسی معاملات کو دیکھنے کیلئے سیاسی کمیٹی بھی تشکیل دی۔ کمیٹی میں شہزاد اکبر، ڈاکٹر بابر اعوان، فواد چودھری، اسدعمر، شفقت محمود اور شیخ رشید پر مشتمل یہ کمیٹی اپوزیشن کی تحریک سمیت تمام سیاسی معاملات کو دیکھے گی۔ذرائع کے مطابق یہ کمیٹی نواز شریف کی واپسی کے حوالے آئینی اور قانونی امور کا جائزہ لے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ نواز شریف کو واپس لا کر عدالت پیش کیا جائے۔وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں وفاقی حکومت نے میاں نواز شریف کی واپسی کیلئے برطانوی حکومت کو ایک بار پھر خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ نے احمد نوازسکھیرا کواسلام آبادکلب کاایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے اور پاکستان میڈیکل کمیشن ایکٹ کے تحت ایم ڈی سی کے آئین کی منظوری دے دی جبکہ پاکستان ریلویزکی بحالی کے لیے مجوزہ پلان کی منظوری موخر کردی گئی۔
ٹیلی میٹری سسٹم سبوتاژکرنیکی انکوائری رپورٹ کابینہ میں پیش کی گئی اور ٹی سی پی کی جانب سے درآمد گندم کی پری شپمنٹ انسپیکشن کی اجازت دے دی جبکہ ورجن ایٹلانٹک ایئرویزکوپاکستان کیلئے پروازوں کی اجازت دینے کی بھی منظوری دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے شیڈول میں نئی قوانین کی شمولیت کی منظوری کا معاملہ موخرکردیا گیا اور افغانستان کیلئے ویزا پالیسی سے متعلق ریشنلائزیشن کی منظوری اور بایولاجیکل ادوایات کیلئے وفاقی حکومت کا مشیر تعینات کرنے کی منظوری بھی دی۔وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے فیصلوں کی توثیق بھی کردی۔