اسلام آباد۔وزیر اعظم عمران خان نے افغان امن عمل کے کامیاب نتائج کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں، سیاسی حل ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔
امریکا، طالبان کا امن معاہدہ امن کی کوششوں کیلئے اہم قدم تھا، امید ہے افغان قیادت اس تاریخی موقع کا بھرپور فائدہ اٹھائے گی،پاکستان افغان تنازع کے حل کے بعد بحالی، معاشی ترقی میں بھی حمایت جاری رکھے گا۔
منگل کو وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین افغان کونسل برائے قومی مفاہمت ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے ملاقات کی جس میں افغان امن عمل، خطے کی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے افغان امن عمل کے کامیاب نتائج کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ملاقات میں کہا کہ افغانستان میں تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں، سیاسی حل ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ خوشی ہے عالمی برادری نے ہمارے اس موقف کو تسلیم کیاہے، عالمی برادری نے افغانستان کا امن عمل آسان بنانے میں پاکستان کامثبت کردار بھی تسلیم کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا، طالبان کا امن معاہدہ امن کی کوششوں کیلئے اہم قدم تھا، امید ہے افغان قیادت اس تاریخی موقع کا بھرپور فائدہ اٹھائے گی۔
وزیر اعظم نے کہاکہ امیدہے افغان قیادت وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیہ کیلئے تعمیری انداز میں کام کرے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ جنگ بندی سے تشدد میں کمی کیلئے تمام افغان جماعتوں کو کام کرنا ہوگا۔
وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان افغانستان کے مستقبل کے بارے میں ہوئے اتفاق کی حمایت کرے گا، پاکستان افغان تنازع کے حل کے بعد بحالی، معاشی ترقی میں بھی حمایت جاری رکھے گا۔
عمران خان نے کہا کہ پاک افغان تجارت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان افغان راہداری تجارت کی سہولت کیلئے کوششیں جاری رکھے گا، افغانستان سے تجارت، معاشی، عوامی تعلقات مزیدمضبوط بنائیں گے۔وزیراعظم نے بتایا کہ وہ صدر اشرف غنی کی دعوت پر دورہ افغانستان کے منتظر ہیں۔