پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا 11اکتوبر سے حکومت مخالف تحریک کا اعلان 

اسلام آبا۔پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)نے حکومت مخالف تحریک کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ 11اکتوبر کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پہلا جلسہ عام ہو گا۔

 پی ڈی ایم کے پہلے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزراء اعظم شاہد خاقان عباسی،راجہ پرویز اشرف اورجمعیت علماء اسلام (ف) کے سیکرٹری جنرل مولانا غفور حیدری نے کہا کہ 11اکتوبر کو کوئٹہ میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا پہلا تاریخی جلسہ ہوگا جس سے پورے ملک میں تحریک کا آغاز ہوگا اور یہ تحریک غیر جمہوری عمل سے نجات دلائے گی۔

 پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی بنائی گئی ہے جس کے سربراہ احسن اقبال ہوں گے اور اس میں ہر جماعت سے دو ممبران شامل ہوں گے، پیر کو سٹیئرنگ کمیٹی کی دوسری میٹنگ ہو گی جس میں آئندہ کیلئے مزید لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

 پارلیمنٹ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چل رہی ہے، ہم قانون کی بالادستی، آزاد عدلیہ اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے کھڑے ہوئے ہیں،اس حکومت نے سیاسی انتشار پیدا کرکے جمہوریت اور معاشی جمہوریت پر حملہ کیا گیا،حکمران اپنی نااہلی کا ملبہ قومی اداروں پر پھینک رہے ہیں اور وزرا قومی اداروں کو متنازعہ بنارہے ہیں۔

 نیب صرف پگڑیاں اچھالنے کیلئے اپوزیشن رہنماؤں کو تنگ اور گرفتار کررہی ہے،ہم اس طرح کے ناجائز دبا ؤکو قبول نہیں کریں گے،سلیکٹڈ حکومت شوپیس ہے اس کے پیچھے قوتوں سے کہتے ہیں ان کی پشت پناہی چھوڑ دیں،ہماری سیاسی جنگ ہے ہمارا جھگڑا کسی ادارے سے نہیں ہے،عمرانی ٹولے سے ہونے والی جنگ ہم جیتیں گے۔

منگل کو اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس میں مسلم لیگ (ن)کے شاہدخاقان عباسی، احسن اقبال، ایازصادق اورخواجہ سعدرفیق، پیپلزپارٹی کی جانب سے راجہ پرویزاشرف، نیئر بخاری اور شیری رحمان،جمعیت علمائے اسلام کی طرف سے مولانا عبدالغفورحیدری، اکرم درانی، شاہ اویس نورانی، دیگر جماعتوں کی جانب سے میاں افتخار، عثمان کاکڑ، جہانزیب جمالدینی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں شہباز شریف کی گرفتاری اور ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا اور آئندہ کی حکمت عملی بنائی گئی۔اجلاس کے بعد اپوزیشن رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ 

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں جمہوریت سلب کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں یہ بھی طے پایا ہے کہ گیارہ اکتوبر کو کوئٹہ میں پی ڈی ایم کا پہلا تاریخ ساز جلسہ ہو گا، اس کے بعد پورے پاکستان میں تاریخ اور تحریک کا آغاز ہو گا،جو بڑھتی جائے گی۔