جی 20ممالک قرضوں کی واپسی میں ایک سال کی توسیع دیں، وزیراعظم عمران خان 

اسلام آباد۔وزیراعظم عمران خان  نے کہا کہ کورونا وباء کے دنیا پر غیر معمولی اثرات مرتب ہوئے، طبی اور معاشی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے وباء پر قابو پانا ضروری ہے،اب بھی کورونا وباء سے مکمل طور پر محفوظ نہیں، اس وقت تک کوئی محفوظ نہیں جب تک سب محفوظ نہ ہوں، امید ہے کورونا وائرس کی ویکسین جلد تیار ہو جائے گی۔

 ترقی پذیر ممالک کو کورونا بحران سے نکالنے کیلئے 2.5ٹریلین ڈالر درکار ہوں گے، امیر ملک غریب ممالک کیلئے 500ارب ڈالر کا خصوصی فنڈ قائم کریں۔

 عالمی مالیاتی ادارے قرضوں کی واپسی میں نرمی کے اقدام میں حصہ لیں، ایسے  اقدامات اٹھائے جائیں جن سے سرکاری اور نجی کریڈیٹرز بھی شامل ہوں  انہوں نے جی 20ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ قرضوں کی واپسی میں ایک سال کی توسیع دیں۔

 منگل کو کورونا وباء سے متعلق اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ورچوئل اجلاس سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء کے دنیا پر غیر معمولی اثرات مرتب ہوئے، طبی اور معاشی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے وباء پر قابو پانا ضروری ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان سمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے وباء کا پھیلاؤ روکنے میں کامیاب ہوا،امید ہے کورونا وائرس کی ویکسین جلد تیار ہو جائے گی۔دنیا کے ہر فرد کو کورونا ویکسین تک آسان رسائی حاصل ہونی چاہیے۔

 انہوں نے کہا کہ 1930کی اقتصادی کساد بازاری کے بعد کورونا سے سب سے بڑا معاشی بحران پیدا ہوا ہے، غریب ملک کورونا بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام کیلئے 1.8ارب ڈالر کار ریلیف پیکج دیا جس کا مقصد غریبوں کی مدد اور معیشت کو رواں دواں رکھنا ہے۔